انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) پاکستان میں 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کیلئے پراُعتماد ہے ۔
آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ’ یقین ہے پاکستان چیمپئنز ٹرافی کیلئے بہترین انتظامات کرے گا’۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی حالات ہمارے کنٹرول میں نہیں لیکن کرکٹ حالات کوبہتر بناسکتا ہے ۔
بارکلے نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی صلاحیتوں پر بھروسہ نہ ہوتا تو ایونٹ نہ دیتے جبکہ کرکٹ سے پاک،بھارت تعلقات بہتر ہوسکے تو خوشی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی نظر میں پاکستان کے پاس یہ سنہری موقع ہے کہ وہ کافی عرصے بعد عالمی ایونٹ کی میزبانی کرے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو 29 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ کی میزبانی ملی ہے جس کے بعد پاکستان 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔
پاکستان نے آخری مرتبہ 1996 میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کی تھی اور اس وقت 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے کچھ میچز پاکستان میں ہوئے تھے۔
2008 کی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہونا تھی مگر حالات کی وجہ سے جنوبی افریقا منتقل ہوگئی تھی۔