جی سیون،سیون جی اینڈ ٹی سیون

اکیسویں صدی کی چوتھی دہائی ہے،جی سیون ممالک سیون جی کے معاملے پر سر جوڑ کر بیٹھے ہیں۔ ٹیکنالوجی کھیل کےمیدانوں میں انقلاب لاچکی ہے۔

ٹی وی پرکوئی بھی مقابلہ دیکھنے والے کو یوں لگتا ہے کہ جیسے وہ اسٹیڈیم میں بیٹھ کراپنی آنکھوں کےسامنے میچ دیکھ رہا ہے۔کھلاڑیوں کی حرکات و سکنات ،احساسات اور جذبات کو مختلف ڈیوائسز کی مدد سے پرکھا جارہا ہے،لمحہ بہ لمحہ ہوا کےدوش پر انہیں پیغام بھیجا جارہا ہے۔

کرکٹ جو چند ممالک کا کھیل سمجھا جاتا تھا،اب آہستہ آہستہ دنیا کے ہر اس خطے میں جہاں انسان بستے ہیں مقبول ترین کھیل بن چکا ہے۔ویرات کوہلی نئے نئے بھارت کے کوچ مقرر ہوئے ہیں اور کرکٹ کے تمام ریکارڈز پاش پاش کرنےوالے بابراعظم اگلے برس اپنا آخری ورلڈ کپ کھیل کر ریٹائرڈ ہورہے ہیں۔آئے روز کے اسکینڈلز سے تنگ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے کینگروز کو سدھارنے کیلئے کین ولیمسن کو چیئرمین شپ کی پیشکش کی ہے۔

جنوبی افریقہ میں کوٹہ سسٹم ختم ہوچکا ہے،کرکٹ سے سیاحت اور سیاحت سے پیسے کمانےوالے جزائر غرب الہند اوربحر ہند کا آنسو کہلانےوالے سری لنکا کے سارے “دکھ درد” ختم ہوچکے ہیں۔ ڈالر کی چمک دیکھتے ہوئِے آئی سی سی نے ہر سال میگا ایونٹ کرانے کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سب سے بڑی بات یہ ہے کہ آئندہ برس ہونےوالے ٹی 20 ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب گودار کے پانیوں کے قریب افسانوی حیثیت کے حامل گراؤنڈ پرہورہی ہے۔ایونٹ میں دنیا کے 20 ممالک حصہ لے رہے ہیں اور پہلے میچ میں چین اور امریکا کی ٹیمیں آمنےسامنے ہوں گی۔

پی سی بی اور آئی سی سی نے شائقین کرکٹ کیلئے ٹکٹس بالکل مفت کر دیے ہیں۔تماشائیوں کے لباس پراسپانسرز کے لوگو چسپاں ہیں جنہوں نے گیٹ منی کی ذمہ داری لی ہوئی ہے۔

اس کھیل میں اشتہاری کمپنیوں کی دلچسپی اتنی بڑھ گئی ہے کہ باؤنڈری پر لگا ہوا سفید رنگ کا رسہ بھی ست رنگی نظر آتا ہے۔

پی ایس ایل پاکستان کے 10 شہروں تک پہنچ چکی ہے اورٹی 20 کی آئی پی ایل الگ ٹی ٹین کی الگ ہے۔

وائٹ بال کرکٹ سے تو آئی سی سی بلین ڈالرز کما رہی ہے اورسارے کرکٹ بورڈزکے خزانے بھی بھرے جارہے ہیں لیکن 5 روزہ کرکٹ نے کونسل کی سردرد کو بڑھا دیا ہے۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز جتنے وقت میں پورا ایونٹ ہورہا ہے، کبھی کرکٹرز ٹیسٹ میچ کھیلنا اپنا سب سے بڑا خواب سمجھتے تھے تاہم آج اس فارمیٹ سے نظریں چرارہے ہیں۔ایشیزکو بچانے کی سرتوڑ کوشش ہورہی ہے۔ون ڈے آخری سانسیں لے رہا ہے اور ٹی 20 بھی بہت پرانا ہوچکا ہے۔ ٹی 10 کے بعد ٹی 7 کی آوازیں آرہی ہیں۔ سات اوور، سات کھلاڑی اور ہر اوور کی سات گیندیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں