آئی سی سی پاکستان میں کرکٹ کا سفر جاری رکھنے کی خواہاں

ایونٹ کی میزبانی کا فیصلہ کرنے والی سب کمیٹی کے رکن رکی سکیرت کا کہنا ہے کہ بھارت بڑی مارکیٹ ضرور ہے لیکن ہم ایشیا کے دیگر ممالک کو بھی ساتھ لے کر چلیں گے۔

انٹرنیشنل کوکٹ کونسل کے ایونٹ کی میزبانی والی سب کمیٹی کے رکن رکی سکیرٹ کا کرکٹ انفو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ایونٹس کی میزبانی کے فیصلے کرتے ہوئے مختلف خطوں میں کھیل کے فروغ اور امکانات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت بڑی مارکیٹ ضرور ہے لیکن ایشیا میں کھیل کے فروغ کے لیے دیگر ممالک کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے۔

رکی سکیرٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی صورت حال خصوصی ضرور ہے لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ آئی سی سی وہاں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر بلاتعطل جاری رکھنے کی خواہاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی میں پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی دینے کے حوالے سے ہم جو مقصد لے کر بیٹھے تھے وہ پورا ہوا، کمیٹی میں سب چاہتے تھے کہ سری لنکا اور بنگلادیش کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی میچز ہوں جس سے ایشیا میں کرکٹ کو فروغ ملے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کی جس سب کمیٹی نے سال 2024 سے 2031 تک کے عالمی ایونٹ کی میزبانوں کا فیصلہ کیا ہے اس میں سابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین مارٹن اسنیڈن، بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی اور کرکٹ ویسٹ انڈیز کے صدر رکی سکیرٹ شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں