چین کا فائیوجی نیٹ ورک 2025 تک تمام شہروں اور قصبوں کے ساتھ ساتھ زیادہ تر دیہاتوں کا احاطہ کرلے گا۔
وزارت صنعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم آئی آئی ٹی)کی طرف سے جاری کردہ منصوبے میں بتایا گیا ہے کہ 2025 تک ہر 10 ہزار افرادکے لیے موجودہ اسٹیشنز کی تعداد 26 تک پہنچ جائے گی۔
منصوبے میں کہا گیا ہے کہ گیگابٹ آپٹیکل فائبر نیٹ ورک زیادہ تر شہری اور دیہی علاقوں کا احاطہ کرے گا، اور ڈیٹا اور کمپیوٹنگ کے لیے سہولیات اور خدمات کو نمایاں طور پروسعت دی جائے گی۔وزارت صنعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک اہلکار شی کن نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ انفارمیشن اورمواصلاتی صنعت کے کردار کو ایک اسٹریٹجک، بنیادی اور اہم صنعت کے طور پر بیان کرتا ہے تاکہ ایک نئی قسم کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعمیرکے علاوہ اقتصادی اور سماجی ترقی میں مدد مل سکے۔
ڈیجیٹل ایپلیکیشن کے حوالے سےیہ منصوبہ واضح کرتا ہے کہ انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور اقتصادی اور سماجی شعبے مزید مربوط ہوں گے، انٹرنیٹ پر مبنی کاروبار کی نئی شکلیں فروغ پائیں گی اور صنعتی انٹرنیٹ کی جدت اور ایپلی کیشن کا دائرہ کارمینوفیکچرنگ کے بنیادی روابط تک مزید بڑھے گا-
اس منصوبے میں ایک نئی قسم کے نگرانی کے نظام کو اجاگر کیا گیا ہے، ساتھ ہی صارفین کے حقوق اور مفادات خصوصی طور پر ان کی ذاتی معلومات کے تحفظ پر روشنی ڈالی گئی ہے-