انگلینڈ کے شہر لیورپول میں ٹیکسی ڈرائیور نے بہادری اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپتال کے باہر ٹیکسی میں موجود خودکش بمبار کو لاک کردیا اور خود باہر کودگیا جس سے بڑا نقصان ہونے سے بچ گیا۔
خیال رہےکہ گذشتہ روز لیور پول میں ایک اسپتال کے باہر گاڑی میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اسپتال کے باہرکار میں دھماکا خودکش بمبار نے کیا، ٹیکسی ڈرائیور نے شبہ ہونے پر گاڑی سے کود کر بمبار کو اندر لاک کردیا اور بڑا نقصان ہونے سے بچالیا۔
برطانوی میڈیا کا دعویٰ ہےکہ حملہ آور کا اصل ہدف قریب موجود چرچ تھا تاہم راستے بند ہونے کے باعث اس نے ٹیکسی لیور پول کے سب سے بڑے میٹرنٹی سینٹر کے باہر رکوائی۔
پولیس نے ٹیکسی دھماکے کو دہشت گری کا واقعہ قرار دیتے ہوئےکہا ہےکہ تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس تیار کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق قیاس یہی ہےکہ اسے ٹیکسی میں سوار مسافر نے بنایا، دھماکے میں ہلاک ہونے والے مسافرکی شناخت سے آگاہ ہیں تاہم واقعے کے محرکات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے، دھماکے کے سلسلے میں 4 افراد کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔
برطانوی وزیر داخلہ پریتی پٹیل کے مطابق لیورپول دھماکے کے بعد برطانیہ میں دہشت گردی سے خطرے کا الرٹ بڑھادیا گیا ہے۔