ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ بی کے میچ میں بھارت نے اسکاٹ لینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے گروپ 2 میں اپنا رن ریٹ ، پاکستان ،افغانستان اور نیوزی لینڈ سے بہتر کرلیا۔
بھارت نے اسکاٹ لینڈ کی جانب سے دیا گیا 86 رنز کا ہدف اننگز کے 7 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
بھارت کی جانب سے روہت شرما 30 اور کے ایل راہول نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے پہلے دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت نے اسکاٹ لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔
بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے اور محمدشا می نے3،3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جسپریت بمرا نے 2 اور روی ایشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جارج منسی نے 24 اور مائیکل لیسک نے 21 رنز بنائے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ اوس کی وجہ سے پہلے بولنگ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کوئی خاص اعداد و شمار ذہن میں رکھ کر میدان میں نہیں آ رہی، ٹیم کی حکمت عملی میچ کے آغاز پر منحصر ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں ٹیم کے اندر ایک تبدیلی کی گئی ہے، ورون چکرورتی کو شردول ٹھاکر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔