ڈیوائن براوو کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ڈیوائن براوو نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

ورلڈ ٹی 20 کپ میں سری لنکا کے خلاف شکست کے بعد دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔

میچ کے بعد ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ڈی جے براوو نے اعلان کیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیر آباد کہہ دوں۔

انہوں نے کہا کہ میرا 18 سال پر محیط کرکٹ کیریئر بہترین رہا، اس میں اتار چڑھاو ضرور آئے تاہم اگر میں پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو میں اتنے عرصے تک  کیریبین عوام کی نمائندگی کرنے کا بہت مشکور ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کپتان ڈیرن سیمی کی قیادت میں ہم نے دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتے۔ ہمارے دور کے تمام کرکٹرز نے ہر جگہ اپنا نام بنایا جس پر مجھے فخر ہے۔

براوو نے 90 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی اور ایک ہزار سے زائد رنز جب کہ 78 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اپنا تجربہ نوجوان کرکٹرز کے ساتھ شیئر کروں گا، میرے نزدیک سفید بال کی کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کا مستقبل بہت روشن ہے۔

ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر انہوں نے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم نے ایسا بالکل بھی نہیں سوچا تھا، بطور کرکٹر ایسے ورلڈ کپ کی توقع نہیں تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں