سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بارہ برس سے کم عمر کے بچوں کو مسجد الحرام میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بارہ برس اور اس سے زیادہ عمر کےافراد کو عمرہ کے اجازت نامے اس شرط کے ساتھ جاری ہوں گے کہ وہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں یا ویکسین کی شرط سے مستثنی ہوں۔
وزارت نے کہا کہ جو بچے عیسوی کیلنڈر کے حساب سے بارہ سال کی عمر مکمل کرچکے ہوں گے انہیں عمرہ یا نماز کا اجازت نامہ جاری ہوگا جبکہ ہجری کیلنڈر کا اس حوالے سے اعتبار نہیں ہوگا۔
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ موثر اجازت نامے کے بغیر کسی بھی شخص کو عمرے یا نماز کے لیے مسجد الحرام میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔