بالی ووڈ کے کنگ خان کے بیٹے آریان خان کے خلاف زیر سماعت کیس میں اس وقت ایک نیا موڑ آگیا جب ایک گواہ نے الزام عائد کیا کہ آریان خان کی رہائی کے لیے اداکار شاہ رخ خان سے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے تفتیش کاروں نے بھاری رشوت طلب کی تھی۔
بھارت کے مؤقر نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی اور معروف جریدے آؤٹ لک کے مطابق این سی بی کے تفتیش کاروں پر رشوت طلب کرنے کا الزام ایک گواہ نے عائد کیا ہے۔ گواہ نے اس حوالے سے عدالت میں باقاعدہ حلف نامہ بھی جمع کرایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت میں جمع کرائے جانے والے حلف نامے میں گواہ پربھاکر سائل نے دعویٰ کیا ہے کہ گوسوائی نے 3 اکتوبر کی صبح شاہ رخ خان کی منیجر پوجا ڈلڈانی سے ملاقات بھی کی تھی جو ایک کار میں ہوئی تھی۔
انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ رقم سیم ڈیسوزا سے حاصل کی تھی اور گوسوائی کے حوالے کردی تھی جس کی آریان خان کے ساتھ سیلفی وائرل ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ پربھاکر سائل این سی بی کے ساتھ کام کرنے والے ایک پرائیوٹ جاسوس کے پی گوسوائی کے محافظ ہیں اور آریان خان کے کیس میں گواہ بھی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کے پی گوسوائی فی الوقت منظر عام سے حیرت انگیز طور پر غائب ہیں۔
عدالت میں داخل کیے جانے والے حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے گوسوائی کو فون پر ایک شخص سیم ڈیسوزا سے باتیں کرتے سنا جس میں مبینہ طور پر گوسوائی نے کہا کہ معاملہ 18 کروڑ پر طے ہوا ہے جس میں سے 8 کروڑ این سی بی کے تفتیش کار سمیر وانکھیڑے کو دیے جانے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان سے 18 کروڑ روپے کی ڈیمانڈ کی گئی تھی اور اس کے جواب میں آریان خان کا رہا کیا جانا تھا۔
پربھاکرسائل نے بیان حلفی میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا ہے کہ تفتیش کار سمیر وانکھیڑے نے ان سے کئی سادہ کاغذات پر دستخط کرائے تھے۔
بھارت کے این سی بی نے عائد کردہ تمام الزامات کو یکسر طور پر مسترد کردیا ہے۔ این سی بی بیورو کے سربرا ہ کے مطابق اس سلسلے کی تفتیش چیف ویجلینس افسر سے کرائی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سمیر وانکھیڑے نے ممبئی پولیس سے شکایت کی ہے کہ انہیں ایک فرضی معاملے میں پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے پیر کو ممبئی کی سیشن کورٹ میں بھی ایک بیان حلفی داخل کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آریان خان کیس میں ان کے گواہان پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ سمیر وانکھیڑے کو اس وقت میڈیا نے شہ سرخیوں میں جگہ دی تھی جب وہ معروف بھارتی اداکار سشانت سنگھ کی خود کشی کے حوالے سے کی جانے والی تفتیش کے سربراہ مقرر کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ گرفتارآریان خان نے این سی بی حکام کو دوان تفتیش بتایا تھا کہ ان کے والد شاہ رخ خان چونکہ فلموں کی شوٹنگ میں بہت مصروف ہوتے ہیں اس لیے گھر پر بھی ملنے کے لیے بھی ان کی سیکریٹری پوجا سے وقت لینا پڑتا ہے۔
بالی ووڈ کے کنگ خان کے صاحبزادے آریان خان کو گرفتار کرنے والے این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ کرانتی ریڈکر کے خاوند ہیں۔