گوگل کروم استعمال کرنے والے 2 ارب 60 کروڑ صارفین کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق گوگل نے انٹرنیٹ براؤزر کروم صارفین کو بڑے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے بتایا کہ سسٹم میں پانچ ایسے نقائص کی نشاندہی ہوئی، جو صارفین کے لیے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔
گوگل کے مطابق ان خامیوں کی وجہ سے گوگل کروم کے 2 ارب 60 کروڑ سے زائد صارفین ہیکرز کا باآسانی شکار ہوسکتے ہیں۔ گوگل کی جانب سے شائع کردہ بلاگ پوسٹ میں ان پانچ نقائص کو معمولی نہیں بلکہ ’ہائی رسک‘ یعنی انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔
کمپنی نے صارفین کو ہدایت کی کہ وہ اگر ہیکرز سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو فوری طور پر انٹرنیٹ براؤزر کروم کو اپ ڈیٹ کرلیں۔ماہرین کے مطابق کروم میں گیارہ سیکیورٹی نقائص کی نشاندہی ہوئی تھی جن میں سے 6 کو دور کردیا گیا ہے جبکہ پانچ تاحال برقرار ہیں۔
گوگل کروم میں سیکیورٹی نقائص کی نشاندہی امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنی کے ماہرین نے کی، جس کے بعد کمپنی نے بھی اس کا اعتراف کیا۔ماہرین نے ان نقائص کو ’سفید خطرہ‘ قرار دیتے ہوئے انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔
گوگل نے بتایا کہ کسی بھی صارف کو سیٹنگز میں جاکر ہیلپ اور پھر اباؤٹ گوگل کروم پر کلک کرنا ہوگا، اگر وہاں کروم ورژن 95.0.4638.54 آرہا ہے تو یہ خطرے کی بات ہے۔
گوگل نے صارفین کو ہدایت کی کہ ایسی صورت میں وہ کروم کو فوری طور پر سسٹم سے ان انسٹال کریں یا پھر کروم کو اپ ڈیٹ کرلیں۔