ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت نے پاکستان کو 152 رنز کا ہدف دیدیا۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 151رنز بنائے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے معرکے کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارت کی جانب سے کے ایل راہل اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے پہلے اوور میں روہت شرما کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیجا اور اپنے دوسرے اوور میں راہول کو بھی صرف 3 رنز پر بولڈ کردیا۔
ویرات کوہلی نے سوریا کمار یادو کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم محمد رضوان نے حسن علی کی گیند پر 11 رنز بنانے والے یادوو کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔
ویرات کوہلی نے رشپ پانٹ کے ساتھ ملکر 38 گیندوں پر 50 رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم پانٹ 30 گیندوں پر 39 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بن گئے۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیتتے تو ہم نے بھی پہلے فیلڈنگ ہی کرنا تھی تاہم ہماری ٹیم تیار ہے اور صورتحال کو سنبھال لیں گے۔ میرا ٹیم کو یہی پیغام ہے کہ گراؤنڈ کے باہر جو بھی پریشر ہے آپ اس پر دھیان نہ دیں اور کھیل پر توجہ رھیں۔
ٹاس جیتنے کے بعد کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ جلد وکٹیں لے کر بھارت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کریں گے۔ شام کو دبئی میں اوس پڑتی ہے اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے اور پہلے فیلڈنگ کی وجہ بھی یہی ہے۔ ہماری تیاری مکمل ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ چوتھے اور سب سے بڑے میچ میں پاکستان نےٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے ۔
یواے ای کی ریاست دبئی میں کھیلے جانے والے میچ دونوں ملکوں کی بہترین ٹیم میدان میں ہے۔ کپتان بابر اعظم تاریخی فتح کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
قومی ٹیم میں بھارت کے خلاف جن کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے ان میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، محمد آصف، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
بھارت کی پلینگ الیون
بھارتی ٹیم میں کپتان ویرات کوہلی، روہت شرما، کے ایل راہول، سوریا کمار یادیو، ریشب پنٹ، ہاردک پانڈیا،جڈیجا، بھونیشور کمار، محمد شامی، جسپریت بمرا اور ورون چکرورتی شامل ہیں۔