PayPal نے Pinterest کو 45 ارب ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کر دی

پے پال ہولڈنگز نے ڈیجیٹل پن بورڈ سائٹ پنٹیرسٹ ( Pinterest) کو 45 بلین ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کی ہے۔

اگر یہ ڈیل ہو جاتی ہے تو یہ ایک سوشل میڈیا کمپنی کی سب سے مہنگی خریداری ہو گی، اس سے قبل مائیکروسافٹ کارپوریشن نے 2016 میں معروف سوشل میڈیا سائٹ لنکڈاِن کو 26.2 ارب ڈالر میں خریدا تھا۔

اسی طرح یہ ڈیل واٹس ایپ کی خریداری سے بھی تین گنا بڑی ہے کیونکہ فیس بک نے 2014 میں واٹس ایپ کو 16 ارب ڈالر میں خریدا تھا۔

اس معاہدے کی بات چیت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب انٹرنیٹ خریدار تیزی سے سوشل میڈیا پر نظر آنے والی اشیاء خریدنے کی جانب مائل ہو رہے ہیں اور اکثر انسٹاگرام اور ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارمز پر ’اثر و رسوخ رکھنے والے افراد‘ کی پیروی کر رہے ہیں۔

اس معاملے سے واقف ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ پے پال نے پنٹیرسٹ کی خریداری کے لیے 70 ڈالر فی شیئر کی پیشکش کی ہے۔

رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پے پال کو امید ہے کہ وہ 8 نومبر کو سہ ماہی آمدنی کے اعلان کے ساتھ ساتھ اس معاہدے کی کامیابی کا اعلان بھی کرے گا۔

تاہم ذرائع نے خبردار کیا کہ ابھی کوئی معاہدہ یقینی نہیں ہے اور شرائط تبدیل بھی ہوسکتی ہیں، پے پال اور پنٹیرسٹ نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

بدھ کو پے پال کے حصص 4.9 فیصد گر کر 258.36 ڈالر فی شیئر پر بند ہوئے جب کہ پنٹیرسٹ کے حصص 12.8 فیصد اضافے کے ساتھ 62.68 ڈالر پر بند ہوئے۔

یاد رہے کہ 2019 میں پنٹیرسٹ کی قیمت تقریباً 13 ارب ڈالر تھی لیکن کورونا کی عالمی وبا کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس کے صارفین کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں