پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مدثر نذر نے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان سے میچ میں بھارت کو فیورٹ قرار دیدیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں موجود پاکستان ٹیم کے سابق کوچ مدثر نذرسے جب بھارت کے خلاف میچ میں ان کی پلینگ الیون کا پوچھا گیا تو اس میں انہوں نے فخرزمان اور رضوان کو بطور اوپنر شامل کیا ہے، تیسرے نمبرپر بابراعظم، پھر محمد حفیظ اور شعیب ملک کو جگہ دی ہے جب کہ پاورہٹر کے طورپر مدثر نذر نے آصف علی کو حیدرعلی پر ترجیح دی ہے۔
مدثر نذر کا موقف ہے کہ حیدر علی نمبر تھری پر موزوں چوائس ہےلیکن آخری اوورز میں آصف علی کی موجودگی پاکستانی ٹیم کے لیے زیادہ فائدہ مندثابت ہوسکتی ہے، آصف علی ہر گیند کو باؤنڈری سے پار پہنچانے کی اہلیت رکھتاہے۔
ان کا کہنا تھاکہ نمبر سات پر شاداب خان، آٹھ پر عماد وسیم، اس کے بعد حسن علی پھرشاہین شاہ آفریدی اور حارث رف ہوں نے چاہئیں۔
پی سی بی کے سابق ڈائریکٹراکیڈمیز اور گیمز ڈویلپمنمٹ مدثر نذرکے نزدیک روہت شرما ہمیشہ بائیں ہاتھ کے بولر کے سامنے پریشان دکھائی دیتے ہیں، شاہین شاہ آفریدی نئی گیند کے ساتھ روہت اور کوہلی دونوں کو کافی تنگ کرسکتے ہیں اور ان دونوں کو جلد آوٹ کرنا بہت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کوہلی کو راشد خان نے مشکل میں ڈالاہے، اس طرح شاداب خان کو بھی کردار ادار کرنا پڑے گا۔
مدثر نذر نے مزید کہا کہ مجموعی اعتبار سے دونوں ٹیموں کی بولنگ میں زیادہ فرق نہیں ہے۔