بنگلا دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔
شکیب الحسن نے یہ کارنامہ اسکاٹ لینڈ کیخلاف آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران سرانجام دیا۔
34 سالہ شکیب الحسن نے مسقط میں اسکاٹ لینڈ کیخلاف آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں 17 رنز دے کر 2وکٹیں حاصل کیں جس کے ساتھ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں لاستھ ملنگا کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
شکیب نے 89 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 108 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ لاستھ ملنگا کی ٹی ٹوئنٹی وکٹوں کی تعداد 107 ہے۔
ملنگا نے آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ گزشتہ سال مارچ میں کھیلا تھا جبکہ اس سال انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔
موجودہ ورلڈ کپ میں شریک پلیئرز میں شکیب کے ریکارڈ کے قریب تر بولرز میں نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر میں 99 وکٹیں حاصل کیں ہیں۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے مرحلےکے دوسرے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے بنگلادیش کیخلاف اپ سیٹ کرتے ہوئے 6 رنز سے شکست دے دی تھی۔