دنیا بھر میں ایک سیکنڈ کے دوران گوگل پر 63 ہزار بار سرچز کی جاتی ہیں۔
گوگل آٹو سجیسٹ انجن کی ایک رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر ہر سیکنڈ میں گوگل سے اوسطا 63 ہزار سرچز کی جاتی ہیں، اسی طرح ہر ایک منٹ میں 28 لاکھ جبکہ ہر ایک گھنٹے کے دوران 22 کروڑ 80 لاکھ اور ہر روز گوگل پر5 ارب 60 کروڑ سے زیادہ سرچز کی جاتی ہیں۔
دنیا بھر میں گوگل پر ایک سال کے دوران2 ہزار ارب سے زیادہ مرتبہ کچھ نہ کچھ سرچ کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گوگل سے سرچ کی جانے والی16 سے20 فیصد سرچز پہلی مرتبہ کی جانے والی سرچز میں شامل ہوتی ہیں۔ گوگل پر روزانہ اور ہر وقت کوئی نا کوئی شخص کچھ نا کچھ سرچ کر رہا ہوتا ہے۔ گوگل پر چیزیں سرچ کرنا اور نت نئی چیزوں کے متعلق بیٹھے بٹھائے معلومات کا حصول بہت آسان ہے اور اگر گوگل نہ ہوتو زندگی بہت مشکل ہوجاتی ہے کیونکہ انٹرنیٹ صارفین کا گوگل کے بغیر گزارہ ممکن ہی نہیں۔
رپورٹ کے مطابق دیگر ممالک کے برعکس پاکستانی شہری گوگل پر سب سے زیادہ ڈرامے سرچ کرتے ہیں جبکہ بھارتی شہری گوگل پر سب سے زیادہ فلموں اور دیگر خوراکوں کی تلاش زیادہ کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکا میں گوگل کے ذریعہ سب سے زیادہ یونیورسٹیز کو سرچ کیا جاتا ہے۔ افغانستان میں جنگی فلمیں گوگل سے سرچ کیا جانے والا سب سے پسندیدہ موضوع ہیں۔