شاہ رخ خان کے بیٹے کا منشیات کا عادی ہونے کا اعتراف

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے  منشیات کیس میں اعتراف جرم کر لیا ہے۔

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نےگزشتہ روز ممبئی کے ساحل کے قریب موجود ایک کروز جہاز سے منشیات قبضے میں لینے کے بعد گرفتار کیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے آفیسر نے بتایا ہے کہ آریان خان تفتیش کے دوران سوالات کے جواب دیتے ہوئے رو پڑے تھے اور انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ وہ پچھلے چار سالوں سے منشیات لینے کے عادی ہیں۔

پولیس نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات کیس میں تحویل میں لیا ہے

یہی نہیں این سی بی کے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ دورانِ تفتیش یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ جب آریان خان برطانیہ، دبئی اور دیگر ممالک میں تھے  تو اُس وقت بھی وہ منشیات کا استعمال کرتے تھے۔

این سی بی کے آفیسر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران مشتبہ افراد کی تلاشی لی گئی تو ان کے پاس سے مختلف اقسام کی منشیات برآمد ہوئیں جو انہوں نے اپنے کپڑوں اور خواتین نے پرس میں چھپائی ہوئی تھیں۔

واضح رہے کہ آریان خان کے ساتھ مزید آٹھ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن میں ان کےدو دوست، اداکار ارباز مرچنٹ اور منمون دھمیچا بھی شامل ہیں، منمون دھمیچا مبینہ طور پر مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والی ایک کاروباری شخصیت کی بیٹی ہیں۔

این سی بی نے عدالت سے آریان خان کا دو دن کا ریمانڈ منظور کرنے کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے انہیں ایک دن کے ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں