مانچسٹر: انگلینڈ نے پاکستان کو فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔
تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے 155 رنز کا ہدف آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جیسن رائے نے 36 گیندوں پر 64 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، ڈیوڈ ملان 31 رنز اور جوز بٹلر 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے تین وکٹیں حاصل کیں، عماد وسیم، عثمان قادر، حسن علی اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔ اوپنر محمد رضوان نے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، فخر زمان 24 رنز, کپتان بابر اعظم 11 رنز اور صہیب مقصود 13 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ شاداب خان بھی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عماد وسیم 3 رنز بناسکے جبکہ حسن علی 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے لیگ اسپنر عادل رشید نے چار اور معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی، اس سے قبل تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں انگلینڈ نے وائٹ واش کیا تھا۔