قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا فیصلہ کن میچ آج میزبان انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10:30 بجے کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ آج اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہے۔
بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور سیریز جیتنے کے لئے پرعزم ہے۔ فیصلہ کن میچ میں تین تبدیلیاں متوقع ہیں۔ پاکستانی ٹیم میں حارث رؤف کی جگہ حسن علی، اعظم خان کی جگہ شرجیل خان اور محمد حسنین کی جگہ ارشد اقبال کی شمولیت متوقع ہے۔ اس بات کے امکانات ہیں کہ پاکستانی اننگز کا آغاز محمد رضوان اور شرجیل کریں جبکہ بابر اعظم ون ڈاؤن پوزیشن پر آئیں گے۔ تبدیلیوں کا حتمی فیصلہ ٹاس اور کنڈیشن دیکھ کر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے میچ میں انگلینڈ کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے کم بیک کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو شکست دی تھی۔