ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں بد امنی کے واقعات اور حملے دیکھ چکا ہوں۔ نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا میں بھی ایسے واقعات ہوتے ہیں۔شور نہیں مچایا جاتا، پاکستان پر بھی اعتماد کرنا چاہئے تھا۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی طرف سے پاکستان کے خلاف ون ڈے میچ کے روز سیریز منسوخ کرنے کے فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے ویسٹ انڈین ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ مجھے اس فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیرن سیمی نے کہا کہ دنیا بھر میں ایسے واقعات ہوتے دیکھ چکا ہوں۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ میں بھی حملے ہوتے ہیں۔ لیکن ان ممالک میں کوئی شور نہیں مچتا جبکہ پاکستان میں حالات اب تبدیل ہوچکے ہیں.
گفتگو کے دوران ڈیرن سیمی نے کہا کہ پہلے ہم سے پوچھا جاتا تھا کہ کیا پاکستان کا دورہ محفوظ رہے گا؟ اب پوچھتے ہیں کہ پاکستان میں کھانے کیلئے بہترین مقام کون سا ہے؟واضح رہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم نے سیکیورٹی وجوہات کا بہانہ بنا کر سیریز ملتوی کی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل نیوزی لینڈ کی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے بعد ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل نے پاکستان آنے کا اعلان کردیا جس کے بعد ٹوئٹر پر نئی لفظی جنگ چھڑ گئی۔
پاک نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز منسوخ ہونے کے بعد شائقین کرکٹ کو مخاطب کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے معروف کھلاڑی کرس گیل نے سوال کیا کہ میں پاکستان جارہا ہوں، کون میرے ساتھ آرہا ہے؟ جس پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف تبصرے کیے۔