نیوزی لینڈ میں 6 ماہ بعد پہلا کووڈ 19 کیس سامنے آنے پر پورے ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔
17 اگست کی شب بارہ بجے سے (نیوزی لینڈ کے وقت کے مطابق) پورے ملک میں کم از کم 3 دن تک لاک ڈاؤن رہے گا جبکہ آک لینڈ اور کورومینڈل کے خطوں میں اس کی مدت 4 سے 7 دن ہوگی۔
نیوزی لینڈ میں اس پہلے کیس کے بعد الرٹ لیول 4 کے تحت لاک ڈاؤن کا نفاذ ہورہا ہے، یہ الرٹ لیول سخت ترین لاک ڈاؤن پابندیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ‘ ڈیلٹا کو گیم چینجر قرار دیا جارہا ہے اور یہ درست بھی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں شروع میں ہی اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت ہونا ہوگا۔ ہم نے دیکھا ہے کہ دیگر ممالک میں ناکامی پر کیا حال ہوا، ہمارے پاس صرف ایک ہی موقع ہے ‘۔
اس نئے لاک ڈاؤن میں نیوزی لینڈ کے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گھر میں صرف ان کے گھرانے کے افراد رہیں گے اور وہ اپنے گھر سے صرف خوراک یا ادویات خریدنے کے لیے ہی نکل سکیں گے، اس دوران بھی انہیں سماجی دوری کا خیال رکھنا ہوگا۔