لندن: مقابلہ حسن کی 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار کوئی ماڈل بنا میک اپ ریمپ پر جلوہ گر ہوئی اور سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔
20 سالہ طالبعلم ماڈل نے خود پر بھروسے اور اعتماد کی نئی مثال قائم کی، سیمی فائنل میں بغیر میک اپ شرکت کر کے بیوٹی مقابلوں کی تاریخ میں پہلی بار بنا میک اپ فائنل میں پہنچنے والی پہلی بیوٹی کوئین ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
میلیسا راؤف لندن کے اسکول میں زیر تعلیم ہیں اور اب وہ اکتوبر میں ہونے والے مس انگلینڈ کے مقابلے میں کراون جیتنے میدان میں اتریں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ہر انسان کو اپنی شکل رنگت اور اس کے خدوخال پر چھپانے کی ضرورت نہیں ہوتی، معاشرتی دباو کی وجہ سے لوگ اپنے چہرے کو میک اپ کے پیچھے چھپانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن وہ اس کے خلاف ہیں کیونکہ ہماری یہی کمیاں ہمیں دوسروں سے منفرد بناتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ بہت کم عمری سے ہی میک اپ کا استعمال کر رہی ہیں، لیکن مقابلہ حسن کو جیتنے کیلئے انہوں نے کسی بھی میک اپ کا سہارا نہ لینے کا فیصلہ کیا، تاکہ دوسروں کےلیے بھی یہ ایک مثال بن سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں ہونے والے مقابلے میں بھی میلیسا راؤف بنا میک کے حصہ لینے کا ارداہ رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ایک بہادر انسان ہی کر سکتا ہے۔