لندن: برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل نک کارٹر نے کہا ہے کہ طالبان کو حکومت سازی کا موقع دینا پڑے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل نک کارٹر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہوسکتا ہے یہ 1990 کے طالبان سے الگ ہوں، اس لیے ہمیں صبر سے کام لیتے ہوئے طالبان کو حکومت سازی کا موقع دینا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور برطانوی فوجی کابل ائر پورٹ کو سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔ طالبان ایسے لوگوں کو کچھ نہیں کہہ رہے جو ملک سے نکلنا چاہتے ہیں۔
جنرل نک کارٹر نے کہا کہ برطانیہ آج تقریباً ایک ہزار افراد کو افغانستان سے نکالے گا۔ سابق افغان صدر حامد کرزئی سے مسلسل رابطے میں ہوں۔
واضح رہے کہ جنرل نک کارٹر 2002 سے 2013 تک افغانستان میں مختلف عہدوں پر فائز رہے ہیں۔