یورپ میں 10 کروڑ سے زائد کورونا کیسز ریکارڈ

پیرس: یورپ میں مجموعی طور پر 10 کروڑ سے زائد کورونا وائرس کیسز ریکارڈ کئے گئے ہیں جو کہ کورونا وائرس کے آغاز سے لے کر اب تک دنیا بھر میں ہونے والے تمام انفیکشنز کا ایک تہائی سے زیادہ ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق حالیہ مہینوں میں یورپ ایک بار پھر کورونا کا مرکز بن گیا ہے اور اومیکرون سے ہونے والے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

یورپ، بشمول آذربائیجان اور روس تک کے 52 ممالک میں گزشتہ دو سالوں میں CoVID-19 کے 100,074,753 انفیکشنز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

یہ چین میں 2019 کے آخر میں کورونا کے پھیلنے کے بعد سے دنیا بھر میں 288,279,803 کیسز میں سے ایک تہائی سے زیادہ کے برابر ہے۔

یورپین اعداد و شمار کے مطابق صرف پچھلے سات دنوں میں 4.9 ملین سے زیادہ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

جبکہ ایک ہی ہفتے میں سب سے زیادہ کیسز کے اپنے پچھلے ریکارڈ کو بھی مات دے دی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق صرف فرانس میں ہی گزشتہ ہفتے کے دوران 10 لاکھ سے زیادہ نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں، جو کہ وبائی امراض کے آغاز کے بعد سے اعلان کیے گئے تمام مثبت کیسوں کے 10 فیصد کے برابر ہے۔

اے ایف پی رپورٹ سرکاری اعداد و شمار پر مبنی ہیں، تاہم یورپ میں کووِڈ سے متعلق اموات کم ہو رہی ہیں۔

یورپ میں گزشتہ ہفتے کے دوران ایک دن میں اوسطاً 3,413 کورونا وائرس اموات ریکارڈ کی گئیں، جو پچھلے ہفتے سے سات فیصد کم ہے۔

کورونا کے سبب گزشتہ سال جنوری میں ایک دن میں 5,735 اموات ہوئیں۔

یورپ کے لوگ اب مجموعی طور پر دنیا بھر میں اوسط سے زیادہ ویکسین شدہ ہیں۔

ایک ویب سائٹ کے مطابق، 65 فیصد یورپیوں کو جزوی طور پر ٹیکہ لگایا گیا ہے، جبکہ 61 فیصد مکمل طور پر ویکسین شدہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں