معروف بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ 2021ءمیں بھارت کیخلاف میچ کے دوران شاہین شاہ آفریدی کے سپیل کو سب سے بہترین لمحہ قرار دیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے 24 اکتوبر کو بھارت کیخلاف کھیلے گئے میچ میں شاندار سپیل کرتے ہوئے پہلے روہت شرما کو پویلین کی راہ دکھائی اور پھر کے ایل راہول کو کلین بولڈ کیا اور پاکستان نے اس میچ میں 10 وکٹوں کی تاریخی فتح حاصل کی۔
شاہین شاہ آفریدی نے اپنے آخری اوور میں ویرات کوہلی کو بھی آؤٹ کر دیا اور یوں مجموعی طورپر انہوں نے 4 اوورز میں 31 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ہرشا بھوگلے نے کہا کہ میرے لئے ٹی 20 ورلڈکپ میں سب سے بہترین لمحہ شاہین شاہ آفریدی کا بھارت کیخلاف کیا گیا سپیل ہے کیونکہ اس سے قبل بھارتی بلے اپنی کمزوریوں کے باعث محمد عامر کے ہاتھوں آؤٹ ہوتے تھے اور اس ورلڈکپ میں شاہین شاہ آفریدی نے بھی تقریباً اسی طرح وکٹیں حاصل کیں جبکہ میں نے ایک طویل عرصے بعد اتنی زیادہ گیند سوئنگ ہوتے دیکھی۔
دوسری جانب ناصر حسین نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں میرا سب سے یادگار لمحہ شاہین شاہ آفریدی کا سپیل ہی ہے کیونکہ ہمیشہ کی طرح اس میچ میں دونوں ٹیموں پر بہت زیادہ دباؤ تھا۔روہت شرما کو انہوں نے سیدھی وکٹوں میں سوئنگ ہوتی گیند کرائی اور پھر اپنے دوسرے اوور میں انہوں نے ٹی 20 فارمیٹ میں دنیا کے سب سے بہترین بلے بازوں میں سے ایک کے ایل راہول کو شاندار گیند ڈلیوری پر کلین بولڈ کیا۔