ویب ڈیسک:اکثر افراد نے کسی نئی ایپلی کیشن میں لاگ اِن ہونے کے لیے تھرڈ پارٹی سائن اِن کا آپشن بھی استعمال کرتے ہیں۔اس مقصد کے لیے صارفین کو ہر ایپ کے لیے پاس ورڈ یاد رکھنے کے جھنجھٹ سے بچنے کی خاطر ای میل ایڈریس، فیس بک یا ٹوئٹر اکاؤنٹ سے لاگ اِن ہونے کا آپشن دیا جاتا ہے۔ لیکن کچھ صارفین کے لیے یہ آپشن جسے تھرڈ پارٹی ایپلی کیشن سائن اِن کہا جاتا ہے،زیادہ مشکل بن جاتا ہے ،تاہم اب گوگل نے اپنے صارفین کے لیے اس مشکل کو آسان بنا دیا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ نائن ٹو فائیو گوگل میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق گوگل نے اس طریقہ کار میں مزید بہتری کرکے سائن اِن کے تجربے کو نہایت آسان کردیا ہے۔ ٹیکنالوجی جائنٹ نے ‘گوگل آئڈینٹیٹی سروسز” کے نام سے متعارف کرانے والے اپنے ماڈیول میں ”ون ٹیپ آتھینٹی کیشن ” کا اضافہ کردیا ہے، جس کی بدولت تھرڈ پارٹی ایپلی کیشن میں سائن اِن کا طریقہ زیادہ آسان ہوگیا ہے۔
یہ نیا طریقہ براہ راست موجودہ ویب سائٹس پر کام کرے گا اور استعمال کنندہ علیٰحدہ سے سائن اِن پیچ پر ری ڈائریکٹ( منتقل) نہیں ہوگا۔ اِس نئے فیچر کا مقصد استعمال کنندگان کے براؤزنگ کے تجربے کو سہل بنانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ فون صارفین کے لیے بھی دست یاب ہوگا اور اینڈرائیڈ صارفین کے موبائل پر “ون ٹیپ پرومپٹ” ظاہر ہوگا، جب کہ ڈیسک ٹاپ صارفین اسےدائیں جانب اور اُوپر دیکھ سکیں گے۔
یہ فیچر نئے سائن اپ ہونے والے صارفین اور پرانے لاگ اِن ہونے والے صارفین دونوں کے لیے کام کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق استعمال کنندہ اس ویب سائٹ پر نیچے کی طرف اپنا نام، ای میل ایڈریس اور پروفائل تصویر بھی دیکھ سکیں گے۔
گوگل کے مطابق سوشل نیوز ویب سائٹ reddit پہلے ہی اس نئے فیچر کو کام یابی سے استعمال کر رہی ہے۔ اور اس کے بدولت نئے یوزرز کے سائن اپ اور پرانے یوزرز کے دوبارہ سائن کرنے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔