ان دنوں ہر طرف بالی وڈ کی نامور اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی شادی کی خبریں گردش میں ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کترینہ کیف اور وکی کوشل اگلے ہفتے ممبئی میں کورٹ میرج کریں گے جس کے بعد دونوں دسمبر کے آغاز میں روایتی انداز میں راجستھان میں شادی کریں گے۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ وکی اور کترینہ کی شادی کی تیاریاں راجستھان کے رائل سکس سینسز فورٹ ہوٹل میں جاری ہیں جبکہ شادی کی تقریبات 7 سے 12 دسمبر تک جاری رہیں گی ۔
بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ شادی کے لیے ہوٹل میں بکنگ بھی کر لی گئی ہے ، شادی کی مرکزی تقریب جانا محل میں ہوگی تاہم اب یہ کہا جارہا ہے کہ دونوں اداکار پہلے اگلے ہفتے ممبئی میں کورٹ میرج کریں گے۔
اس کے علاوہ بھارتی میڈیا یہ دعویٰ بھی کررہا ہے کہ کترینہ اور وکی کوشل کی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں پر موبائل فون ساتھ لانے پر بھی پابندی ہوگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کترینہ اور وکی کی شادی کیلئے ایک سکیورٹی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کی ذمہ داری ہوگی کہ شادی میں شرکت کرنے والے مہمان دلہا اور دلہن کی تصاویر اور ویڈیوز لیکر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔
واضح رہے کہ کترینہ اور وکی کی جانب سےاب تک شادی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔