ماضی کی کامیابیوں کے نشے میں چور بھارتی ماہرین کی توپوں کا رُخ اپنے ہی کھلاڑیوں کی جانب ہوگیا۔
سابق بھارتی کرکٹر نے بھارت کے ٹی وی چینلز پر میچ کے بعد تبصرہ کرتے ہوئے بھارتی کرکٹرز پر شدید تنقید کی جب کہ اُنہوں نے پاکستانی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے کھلاڑیوں کی بولنگ اور بیٹنگ دونوں شاندار رہی۔
میچ سے دو روز قبل سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم آسانی سے جیت جائے گی، پاکستان کو میچ کھیلنے کی ضرورت کیا ہے لیکن مقابلے کے بعد اُنہوں نے پاکستان خاص طور پر شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ پر تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔
اس کے علاوہ سابق کرکٹر ہرپال سنگھ کا کہنا تھا کہ 2017 میں چیمپئنز ٹرافی کے بعد یہ بھارت کی ایک بار پھر بدترین شکست ہے۔
بھارت کے ایک اور سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد کیف نے بابراعظم اور محمد رضوان کی بیٹنگ کی زبردست تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم اور رضوان نے جو بیٹنگ کی اُس کی ویڈیو بناکر بار بار بچوں کو دکھانا چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سُپر 12 مرحلے میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دی۔