چین میں 3 کورونا کیسز سامنے آنے پر پورے شہر میں لاک ڈاؤن

چین کی حکومت نے 3 کورونا کیسز سامنے آنے پر 12 لاکھ سے زائد کی آبادی والے پورے شہر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق وسطی چین کے شہر یوژہو میں منگل کے روز کورونا کے 3 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان افراد میں کورونا کی کوئی علامت نہیں پائی گئی۔ اس کے باوجود حکام نے شہر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔

شہر میں بس اور ٹیکسی سروسز معطل جب کہ شاپنگ مالز، عجائب گھر اور تفریحی مقامات کو بند کردیا گیا ہے، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں ہی رہیں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

چین کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں منگل کے روز 175 کورونا کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں سے 8 ایسے کیسز ہیں جو ایک ہی گارمنٹ فیکٹری سے نکلے ہیں۔

چین کی حکومت نے کویڈ 19 وبا کے آغاز سے ہی اس کے پھیلاؤ کو ہر ممکن حد تک روکنے کے لئے سخت اقدامات پر عمل پیرا ہے لیکن عوام کی جانب سے پابندیوں کی خلاف ورزی کی وجہ سے اس حکمت عملی پر سوال اٹھائے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کی نئی قسم اومیکرون آنے کے بعد کورونا کیسز کی شرح ایک مرتبہ پھر کئی گنا بڑھ گئی ہے، جس کے باعث کئی ملکوں نے اپنے شہریوں پر پابندیاں سخت کردی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں