چین، سخت پابندیوں کے باعث کورونا کیسز میں کمی

چینی حکومت کی جانب سے اومیکرون کے بڑھتے کیسز کے خلاف سخت پابندیوں کے ثمرات کورونا کیسز میں کمی کی صورت میں آنا شروع ہو گئے ہیں۔

چینی حکومت کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو مقامی سطح پر صرف 23 کیسز سامنے آئے ہیں جو گزشتہ 43 دن میں سب سے کم تعداد ہے۔

واضح رہے کہ چین نے اومیکرون کے نئے ویرئینٹ کے بعد چین کے مخلتف علاقوں میں سخت لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا تھا۔ جس کے بعد چین میں کورونا کیسز میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔

چینی حکومت کے مطابق گزشتہ چار دن سے کورونا کیسز میں مسلسل کمی آ رہی ہے ، اور 29 نومبر کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کورونا کے کم کیسز درج ہوئے ہیں۔

چین کے مرکزی صوبے ہینن اور شمالی شہر ژیان جن دو ایسے علاقے تھے جن میں مقامی طور پر سب سے زیادہ کورونا کا پھیلاؤ ہو رہا تھا، لیکن اب وہاں بھی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں صرف 5 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

چین کی حکومت ملک میں عالمی وباء کورونا کے مقامی سطح پر پھیلنے کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے، چینی حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہ زیرو کورونا پالیسی کی جانب گامزن ہے۔

چین میں کورونا سے مزید دو افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے اور اس مرض سے مجموعی طور پر ہلاک ہونے والے افراد کی کل تعداد 4636 ہو گئی ہے۔

چین کی حکومت کے مطابق گزشتہ نومبر سے اب تک مجموعی طور پر 105484 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں مقامی اور بیرون ملک سے آنے والے شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں