ڈھاکہ: بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کو 5 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں 23رنز سے شکست دے کرسیریزمیں 1-0کی برتری حاصل کرلی۔یہ بنگلہ دیش کی آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پہلی فتح ہے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج ڈھاکہ میں کھیلا گیا ۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر میزبان بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔بنگلہ دیش نے مقررہ 20اوورز میں7وکٹوں کے نقصان پر 131رنز بنائے ۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم صرف 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔
شاندار بولنگ کارکردگی پربنگلہ دیش کے نسیم احمد کو مین آف دی میچ قراردیا گیا ۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن سے سے کامیاب بلے باز رہے ، انہوں نے 36رنز اسکور کیے۔ جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد نعیم 30رنز، افیف حسین 23 اورمحمود اللہ 20رنز بناکر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے جوش ہیزل ووڈ3 اورمچل اسٹارک 2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے جبکہ ایڈم زمپا اور اینڈریو ٹائی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم صرف108رنز ہی بناسکی ۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش45 بناکر سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔اس کے علاوہ کپتان میتھیو ویڈ اور مچل اسٹارک ہی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے ۔ دونوں نے بالترتیب 13اور 14رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کے بولز نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا ، نسیم احمد نے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اس کے علاوہ مستفیض الرحمان اور شریف الاسلام نے 2 جبکہ شکیب الحسن اور مہدی حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کا اگلا میچ کل میرپور ، ڈھاکہ میں ہی کھیلا جائے گا۔