پاکستانی مایہ ناز بلے باز اور سابق کپتان محمد یوسف کا ریکارڈ نہ ٹوٹ سکا

انگلش کپتان جو روٹ کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا محمد یوسف کا ریکارڈ نہ توڑ سکے۔

ایشیز سیریز کے میلبرن ٹیسٹ میں جوروٹ کو محمد یوسف کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 159 رنز درکار تھے تاہم وہ پہلی اننگز میں 50 اور اور دوسری اننگز میں 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

جو روٹ ٹیسٹ کیلنڈر ایئر میں 1700 سے زائد رنز بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔انہوں نے رواں برس 29 اننگز میں 6 سنچریز کی مدد سے 1708 رنز بنائے ہیں ۔

دوسرے نمبر ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بلے باز ویوین رچرڈز ہیں جنہوں نے 1976 میں 19 اننگز میں 7 سنچریز کی مدد سے 1710 رنز بنائے تھے۔

2006 میں پاکستان کے لیجنڈری بلے باز محمد یوسف نے کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ویوین رچرڈز کا ریکارڈ توڑ ڈالا تھا۔انہوں نے 19 اننگز میں 9 سنچریز کی مدد سے 1788 رنز بنائے تھے۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز پاکستان کے محمد رضوان کے پاس ہے۔انہوں نے رواں برس 29 میچز کی 26 اننگز میں ایک سنچری اور 12 نصف سنچریز کی مدد سے 1326 رنز بنائے ہیں۔

وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیلنڈر ایئر میں ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے واحد بلے باز بن گئے ہیں۔دوسرے نمبر پر قومی کپتان بابر اعظم ہیں جنہوں نے رواں برس ہی 939 رنز بنائے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں