آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلےمرحلے میںسری لنکا نے نیدرلینڈ ز کی ٹیم کو با آسانی 8 وکٹوں سے ہرا دیا .
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں نیدر لینڈز کی پوری ٹیم سر لنکا کے خلاف44 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
نیدر لینڈز کے کولن اکریمن 11 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ سری لنکا کی جانب سے لاہیورو کمارا اور ہراسنگا ڈی سلوا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
نیدر لینڈز کا کوئی بھی بیٹسمین سر لنکن بولرز کے سامنے نہ ٹِک سکااور پوری ٹیم 10 اوورز میں صرف 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
واضح رہے کہ نیدر لینڈز کی یہ اننگز ورلڈ کپ کی مختصر ترین اننگز ہے،اس سے قبل بھی ورلڈ کپ کی مختصر اننگز کا ریکارڈ نیدر لینڈز کے پاس تھا۔
2014 میں نیدرلینڈز سری لنکا ہی کے خلاف 10.3 اوورز میں آوٹ ہوگئی تھی۔
اس کے علاوہ نیدر لینڈ کا آج کے میچ میں 44 رنز پر آؤٹ ہونا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کا دوسرا سب سے کم اسکور ہے۔
اس سے قبل بھی نیدر لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف 2014 کے ورلڈ کپ میں 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
یاد رہے کہ جمعے کے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں گروپ اے سے نمیبیا نے آئرلینڈ کو شکست دے کر سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے ۔
واضح رہے کہ سری لنکا پہلے ہی سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کر چکا ہے اور نیدر لینڈ دوسرے مرحلے میں شامل ہونے کی جنگ سے باہر ہوچکا ہے ۔