پانچ سال سے زیادہ عرصہ انتظار کے بعد دنیا بھر میں موجود شائقین کرکٹ کیلئے آخر کار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انتظار اپنے اختتام کو پہنچا۔ یوں تو یہ ورلڈ کپ 2020 میں بھارت میں کھیلا جانا تھا لیکن کورونا وبا کے باعث ٹورنامنٹ کو ری شیڈول کرنے کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ کا انعقاد متحدہ عرب امارات اور عمان میں کیا جارہا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مین راؤنڈ کا آغاز 23اکتوبر سے ہورہا ہے جہاں پہلا میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ اور دوسرا میچ دفاعی چیمپئن ویست انڈیز اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے میچ سے قبل برانڈ سنیریو اردو نے پانچ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو منتخب کیا ہے جو ممکنہ طور پر ایونٹ میں اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم اس وقت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ساتویں پوزیشن پر براجمان ہے۔
ایرون فنچ (کپتان)
دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے اوپنر نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر میں 76میچز میں 37.46 کی اوسط سے 2473 رنز بنائے ہیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 150.24 ہے جس میں 2 سنچریاں اور 15نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
گھٹنے کی سرجری کی وجہ سے فنچ کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت پر سوالیہ نشان لگا ہوا تھا لیکن انہوں نے اپنی فٹنس حاصل کر کے عالمی ایونٹ میں آسٹریلیا کی قیادت کا تاج سر پر سجایا۔ایرون فنچ اس وقت ورلڈ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں اور بطور اوپنر ان کا ٹیم میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔ ایرون فنچ کے پاس ٹی ٹوئنٹی میں دو مرتبہ سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ان کے کیریئر کا بہترین اسکور زمبابوے کیخلاف 172رنز ہے جبکہ اس سے قبل ان کا سب سے بہترین اسکور انگلینڈ کیخلاف 156رنز تھا۔
اسٹیو اسمتھ
دائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بلے باز اسٹیو اسمتھ ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی میں کینگروز کیلئے کس قدر مفید ثابت ہوسکتے ہیں اس بات کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے کیریئر کی ابتدا بطور لیگ اسپنر کی اور نچلے نمبر پر بیٹنگ کا موقع انہیں ملتا تھا۔ 2015 میں مڈل آرڈر میں بیٹنگ شروع کی اور اس کے بعد سے ان کی ایوریج میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ دلچسپ بات ہے کہ اسمتھ کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بیٹنگ اوسط27.37رنز ہے۔ لیکن ان کا آسٹریلوی ٹیم میں کردار “مسٹر فکس اٹ” کا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حریف ٹیم کی بولنگ یا مشکل صورتحال ان کیلئے مسئلہ نہیں۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں 45میچز میں 794 رنز بنا رکھے ہیں جس میں 4نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی میں اسٹیو اسمتھ کا اسٹرائیک ریٹ 129.52 ہے اور ان کا بہترین اسکور 90 رنز ہے۔ جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں انہوں نے 17 وکٹیں بھی حاصل کررکھی ہیں۔
گلین میکسویل
گلین میکس ویل محدود اوورز کی کرکٹ میں ایک مشہور نام ہے ، جس کی بڑی وجہ ان کی جارح مزاج بلے بازی ہے۔ وہ کسی بھی میچ میں ایک دو اوور کی جگہ میں چیزوں کا رخ موڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وہ اپنی پارٹ ٹائم آف اسپن کے ساتھ ایک غیر معمولی فیلڈر بھی ہیں۔ میکسویل کو تیوں فارمیٹس میں آسٹریلیا کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ کئی میچوں میں آسٹریلیا کی فتح میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں۔ جارح مزاج بلے باز نے 72 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 3سنچریوں اور 9 نصف سنچریوں کی مدد سے 31.78کی اوسط سے 1780رنز بنانے کے علاوہ 31 وکٹیں بھی حاصل کررکھی ہیں۔ میکسویل 158.92کے دھواں دار اسٹرائیک ریٹ سے بینٹنگ کرتے ہیں اور ان سب سے بہترین اسکور 145رنز ہے۔
مچل مارش
آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش نے اپنے کیریئر میں کل 30 بین الاقوامی ٹی20 میچ کھیلے ہیں جن میں انہوں نے 700 رنز اسکور کیے ہیں اور 28 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ یہ اعداد و شمار ہی ان کی صلاحیت پر موجود کسی بھی شک کو دُور کردیتے ہیں۔ 30 سالہ مچل مارش اس ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کے لیے بہت اہم ثابت ہوں گے۔ وہ نہ صرف بلے بازی میں کمال دکھاتے ہیں بلکہ باؤلنگ میں بھی اہم وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مچل اسٹارک
آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک کا شمار دنیا کے نامور اور تیز ترین بولرز کی فہرست میں ہوتا ہے۔ اسٹارک کا باؤلنگ ایکشن دیگر گیند بازوں سے مختلف ہے جس کی وجہ سے وہ حریف بلے باز کو گھوما کر رکھ دیتے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مچل اسٹارک 41 میچز کھیل کر 51 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ٹی توئنٹی میں ان کی بہترین بولنگ 11رنز کے عوض 3 وکٹیں ہیں۔
اگرچہ آسٹریلوی ٹیم ابھی تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہیں جیت سکی ہے لیکن اس ورلڈ کپ میں آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو نظرانداز کرنا ممکن نہیں ہے۔آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں یہ پانچ پلیئرز اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔