ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت نے افغانستان کو 64 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی، یہ بھارت کی ٹورنامنٹ میں پہلی فتح ہے۔
افغانستان کی ٹیم بھارت کی جانب سے دیا گیا 211 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا سکی۔
افغانستان کی جانب سے کریم جنت نے 42 جب کہ محمد نبی نے 35 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے محمد شمی نے تین جب کہ ایشون نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور کے ایل راہول نے کیا اور اپنی دھواں دار بیٹنگ سے میدان کے چاروں اطراف چھکے چوکوں کی بارش کر ڈالی۔
روہت شرما نے 74 اور کے ایل راہول نے 69 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ہاردک پانڈیا نے 35 اور پنت نے27 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے کریم جنت اور گلبدین نائب نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ افغانستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے بعد افغان کپتان محمد نبی نے کہا کہ اوس کی وجہ سے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کے میچ میں اوس نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو کم اسکور تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔
بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں سوریا کمار اور روی ایشون کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔