ڈھاک: بنگلہ دیش نے پانچویں ٹی 20 میچ میں آسڑیلیا کو 60 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-4 سے جیت لی۔
123 رنز کے تعاقب میں پوری آسڑیلوی ٹیم 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ٹی 20 کرکٹ میں آسڑیلیا کا یہ کم ترین سکور ہے۔آسڑیلیا نے 123 رنز کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو اس کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی مانند گرتی رہیں۔ ایک کے بعد ایک کھلاڑی آؤٹ ہوتا رہا اور کوئی بھی بلے باز جم کر بیٹنگ نہ کرسکا۔آسڑیلیا کے صرف دو کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ کپتان میتھیو ویڈ 22 اور میک ڈرمٹ 17 رنز بناکر نمایاں رہے۔بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے چار اور محمد سیف الدین نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 122 رنز بنائے تھے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے محمد نعیم 23اور محمد اللہ 19 رنز بناکر نمایاں رہے۔ آسڑیلیا کی جانب سے ڈینئیل کرسچن اور ایلس نے دو ،دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بنگلہ دیش نے پانچ میچوں کی سیریز چار ، ایک سے اپنے نام کی ہے۔آسڑیلیا کی ٹیم صرف چوتھا ٹی 20 میچ جیت سکی تھی۔