آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین نے کہا ہے کہ ٹیم کے چند کھلاڑیوں میں دورہ پاکستان کے بارے میں تحفظات ہیں ۔دورہ پاکستان کے حوالے سے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم ایشیز سیریز کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق آسڑیلیا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کےکپتان ٹم پین نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے بعض کھلاڑیوں میں دورہ پاکستان کے بارے میں بےچینی پائی جاتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ کھلاڑی ایسے ہیں جو ماہرین کی رائے پر مطمئن ہوجائیں گے جبکہ کچھ کھلاڑی ایسے ہیں جو دورہ پاکستان کے بارے میں مزید تفصیلات جاننا چاہتے ہیں ۔
آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک سے دورے سے قبل تمام معاملات پر بات ہوتی ہے اور بات چیت میں جب درست جواب ملتے ہیں تو کھلاڑی اطمینان محسوس کرتے ہیں اور ٹیم مینجمنٹ بریفنگ کے بعد بہتر ٹیم بنانے کی کوشش کرتی ہے ۔
ٹم پین نے مزید کہا کہ دورہ پاکستان سے متعلق ابھی بہت کچھ ہونا باقی ہے، کھلاڑیوں کا ذہن بنانے کے لئے ان کی تسلی کے لئے پاکستان کی سیکورٹی کو دیکھنا ہوگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی کے معاملے پر ہر کوئی انفرادی فیصلہ کرتا ہے ۔
انہوں نے پاکستان میں سیکورٹی کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ 2017 میں ورلڈ الیون کے ساتھ دورہ پاکستان میں ان کو جو سکیورٹی ملی اتنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھی، ہمارے اوپر ہیلی کاپٹرز ہوتے تھے اور ہمارے ارد گرد 5 کلومیٹرز تک سڑکیں بند کر دی جاتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم پاکستان جاتے ہیں تو یہ بہت اچھی بات ہو گی کیونکہ ہم کھیل کی ترقی کا حصہ اور پاکستان میں کھیلنا چاہتے ہیں البتہ ابھی ہم نے ایشیز سیریزکھیلنی ہے اس کے بعد دیکھیں گے کہ کیا معاملات ہوتے ہیں۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز پی سی بی کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی جو مارچ سے شروع ہوگا۔