ویکسین کا معاملہ، اسپین نے جوکووچ پر ملک میں داخلے پر پابندی کا عندیہ دیدیا

کورونا ویکسین کے معاملے پر آسٹریلیا سے ڈی پورٹ ہونے والے عالمی نمبر ایک سربین ٹینس اسٹار نوواک چوکوچ کیلئے مشکلات میں اضافہ ہونے لگا۔

گزشتہ روز جوکووچ آسٹریلیا سے ڈی پورٹ ہونے کے بعد سربیا پہنچے تھے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہی ان کی رواں سال فرنچ اوپن میں بھی شرکت پر سوال اٹھ گئے ہیں۔

فرانسیسی وزارت کھیل کی جانب سے بھی کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ میں کسی کو چھوٹ نہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اب اسپین نے بھی عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار پر پابندی کا عندیہ دیا ہے۔

اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جوکووچ صحت کے حوالے سے ملکی قانون پر عمل کرکے ہی اسپین میں داخل ہوسکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں اسپین کے وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی ہمارے ملک میں مقابلہ کرنا چاہتا ہے تو اسے ہمارے صحت کے قوانین پر عمل کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ نوواک جوکووچ باقاعدگی سے اسپین کا سفر کرتے رہتے ہیں اور وہاں ماربیا شہر میں ان کا اپنا گھر بھی ہے۔

اسپین کے کورونا قوانین کے مطابق ملک میں داخلے کیلئے ویکسین سرٹیفکیٹ، منفی کورونا ٹیسٹ رپورٹ یا پھر کورونا سے صحت یاب ہونے کا سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں