کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پر مودی کی تصویر کے خلاف بھارتی شہری عدالت پہنچ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہری پیٹر ایم کی جانب سے کیرالہ کی عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں شہری نے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تصویر پر اعتراض اٹھایا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ بھارتی شہری نے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پر مودی کی تصویر کے باعث نیا سرٹیفکیٹ بھی جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔
بھارتی شہری کا کہنا ہےکہ اس کے کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ پر نریندر مودی کی تصویر اس کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 62 سالہ بھارتی شہری اپوزیشن جماعت کانگریس کا رکن ہے جس کا مؤقف ہےکہ اس کے ویکسین سرٹیفکیٹ پر مودی کی تصویر شہریوں کے نجی معاملات میں مداخلت ہے جو ایک غیر آئینی عمل ہے۔
بھارتی شہری نے وزیراعظم مودی سے درخواست بھی کی ہےکہ وہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پراپنی تصویر کی چھپائی کا شرمناک سلسلہ فوری بند کریں۔
پیٹر ایم کا کہنا تھا کہ مودی کوئی پہلے وزیراعظم نہیں اور نہ ہی یہ بھارت کی کوئی پہلی ویکسی نیشن مہم ہے لیکن کورونا کے خلاف ویکسی نیشن پروگرام کو ایک ون مین شو کی طرح دکھایا جارہا ہے جو وزیراعظم کا پراپیگنڈا ٹول ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت صحت کی جانب سے ویکسی نیشن کرانے والے شہریوں کو جاری سرٹیفکیٹ میں ان کی ذاتی معلومات ہوتی ہیں اور اس سرٹیفکیٹ پر نریندر مودی کی تصویر بھی موجود ہوتی ہے۔
اس حوالے سے ایک بھارتی وزیر نے گزشتہ ماہ پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا سرٹیفکیٹ پر مودی کی تصویر اور جملے وسیع ترعوامی مفاد میں شائع کیے گئے ہیں۔