ٹیلی وژن کے لیے دنیا کے معتبر ترین سمجھے جانے والے ’ایمی‘ ایوارڈز 2021 میں ایپل ٹی وی پلس کے ’ٹیڈ لاسو’ نے بہترین کامیڈی کا اعزاز جیتا جبکہ اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلیکس نے ’دی کراؤن’ کے لیے بہترین ڈرامے کا ایوارڈ حاصل کرکت اپنا اب تک کا سب سے بڑا ٹیلی ویژن ایوارڈ جیت لیا۔
ایمی کی 73 ویں سالانہ ایوارڈز تقریب 19 ستمبر کو لاس اینجلس میں روایتی انداز میں منعقد ہوئی جو گزشتہ برس کورونا کی وجہ سے آن لائن منعقد ہوئی تھی۔
برطانوی خبررساں ادارے ’ رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق نیٹ فلیکس نے 44 ایوارڈز کے ساتھ ایک سال میں سب سے زیادہ ایمی ایوارڈز کا ریکارڈ قائم کیا اس سے قبل 1974 میں ویاکوم سی بی ایس انکارپوریٹڈ کے سی بی ایس براڈکاسٹ نیٹ ورک نے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
اتوار کو منعقد ہونے والی تقریب میں جیتے گئے اعزازات اسٹریمنگ سروسز کو نئے حقوق دیتے ہیں جنہیں وہ اپنے ناظرین کو دی جانے والی نئی پیشکشوں کو فروغ دینے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں جو روایتی ٹی وی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ہیں آن لائن معیاری مواد تلاش کررہے ہیں۔
کامیڈی سیریز ’ٹیڈ لاسو’ نے ایپل ٹی وی پلس کے لیے مجموعی طور پر 7 ایوارڈز جیتے، اس اسٹریمنگ سروس کو آئی فون بنانے والی کمپنی نے 2 برس قبل متعارف کرایا تھا۔
اسی سیریز میں جیسن سوڈیکیس نے برطانیہ میں ایک جدوجہد کرنے والی فٹ بال ٹیم کا عزم بڑھانے کی کوشش کرتے ہوئے ایک پرجوش امریکی کوچ کے طور پر اپنے مرکزی کردار کے لیے بہترین مزاحیہ اداکار کا اعزاز حاصل کیا۔
کامیڈی سیریز کو دیے گئے ایوارڈز کو قبول کرتے ہوئے ’ٹیڈ لاسو’ کے ایگزیکٹو پروڈیوسر اور کو کریٹر بل لارنس نے ایپل کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جس میں ’ٹی ڈاگ’ بھی شامل ہے۔
اپنے آغاز کے بعد سے ایپل ٹی وی پلس نے درجنوں اوریجنل شوز اور فلمیں ریلیز کی ہیں اور وہ نہ صرف مقبول ترین اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلیکس بلکہ دیگر بڑی میڈیا کمپنیوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جن میں والٹ ڈزنی کمپنی، اے ٹی اینڈ ٹی انکارپوریشن اور ایمیزون ڈاٹ کام شامل ہیں۔