نئے سال کی آمد سے قبل سام سنگ نئے موبائل مارکیٹ میں‌پیش کرنے کو تیار

کلینڈر میں نیا سال نمودار ہونے میں کچھ ہفتے ہی باقی ہیں اس نئے سال2022 کی آمد پر موبائل کمپنی سام سنگ کی جانب سے نئے ماڈل کے موبائل فون متعارف کرائے جائیں گے۔

سام سنگ کی جانب سے 2022 کے آغاز میں نئے فلیگ شپ گلیکسی ایس 22، ایس 22 پلس اور ایس 22 الٹرا کو متعارف کرانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

2021میں سام سنگ کی جانب سے ایس 21 سیریز کو جنوری میں متعارف کرایا گیا تھا، تو خیال کیا جاسکتا ہے کہ ایس22 بھی2022 کے آغاز میں پیش کیا جاسکتا ہے، اگر جنوری میں نہیں تو سام سنگ کی جانب سے ایس سیریز کے فونز عموماً فروری میں متعارف کرا دیئے جاتے ہیں۔

ایس 22 سیریز کے فونز کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ بھی جاری ہے اور ایک نئی لیک میں اس سیریز کے تینوں فونز کی قیمتیں بھی سامنے آگئی ہیں۔ ایک ٹوئٹر صارف کی جانب سے ایس 22، ایس 22 پلس اور ایس 22 الٹرا کی قیمتوں کو لیک کیا گیا۔

لیک کے مطابق گلیکسی ایس 22 کی قیمت 849 ڈالرز (ایک لاکھ 49 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔ ایس 22 پلس کے لیے صارفین کو 1049 ڈالرز (ایک لاکھ 84 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرنا ہوں گے۔

جہاں تک اس سیریز کے سب سے طاقتور فون ایس 22 الٹرا کی بات ہے تو اس کے لیے 1299 ڈالرز (2 لاکھ 28 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرنے کے لیے تیار ہونا ہوگا۔

یعنی اس بار ایس 21 سیریز کے مقابلے میں قیمتوں میں 50 سے 100 ڈالرز کا اضافہ کیا جارہا ہے مگر اچھی بات یہ ہے کہ تینوں فونز میں اسٹوریج 256 جی بی ہوگی۔

سابقہ لیکس کے مطابق تینوں فونز میں پہلے سے بہتر ریفریش ریٹ کے ساتھ امولیڈ ڈسپلے ہوگا جبکہ 12 جی بی یا اس سے زیادہ جی بی ریم اور 512 جی بی تک اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے۔

تینوں فونز میں کم از کم 4000 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی جس کے ساتھ 45 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی جائے گی۔ کمپنی کی جانب سے یہ فونز اسنیپ ڈراگون 898 اور ایکسینوس 2200 پلس پراسیسر کے ورژنز میں جاری کیے جائیں گے۔

ایس 22 اور ایس 22 پلس کا ڈیزائن ایس 21 اور ایس 21 پلس سے ملتا جلتا ہے مگر لیکس کے مطابق ایس 22 الٹرا کا بیک ڈیزائن مختلف ہونے کا امکان ہے۔

اس سے قبل ایک لیک میں بتایا گیا تھا کہ ایس 22 الٹرا میں کمپنی کا سب سے ایڈوانس کیمرا سیٹ اپ دیا جائے گا، ایس پین سلاٹ اور پہلے سے بڑی بیٹری ڈیوائس کا حصہ ہوگی

اپنا تبصرہ بھیجیں