معروف بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر بھی کووڈ کا شکار، سوشل میڈیا پر دعاؤں‌کی بجائے بدعائیں کیوں؟

معروف بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر بھی کووڈ کا شکار ہوگئیں.

بیماری کی خبر دی تو کچھ لوگوں نے ناپسندیدہ جملوں کا استعمال کیا، خیال رہے کہ سوارا بھاسکر بالی وڈ کی وہ بے باک اداکارہ ہیں جو کسی بھی مسئلے پر بغیر کسی خوف کے اپنی رائے کا اظہار کرتی ہیں جس کی وجہ سے اکثر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

گزشتہ دنوں سوارا بھاسکر نے ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ ان کے کووڈ کا پی سی آر ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میرا ذائقہ چلا گیا ہے، اس کے علاوہ مجھے بخار اور شدید سر درد بھی ہے۔

بھارت میں سوارا بھاسکر ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، اداکارہ کے نام کے ہیش ٹیگ کو استعمال کرتے ہوئے جہاں ان کے چاہنے والوں نے صحتیابی کی دعا کی وہیں کچھ ناقدین نے سوارا کے مرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور انہیں جلد اس دنیا سے جانے کی بد دعائیں دینے لگے۔

ایک صارف نے اداکارہ کی ٹوئٹ کو ری پوسٹ کیا اور اس خبر کو سال 2022 کی بہترین خبر قرار دیا، پلکیت اگروال نامی صارف نے مزید کہا کہ خدا کرے یہ اس دنیا سے چلی جائے۔

دیگر صارفین نے بھی اداکارہ کی پوسٹ پر سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے تبصرے کیے جس پر سوارا خاموش نہ رہ سکیں۔

انہوں نے کچھ ٹوئٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کیے اور نفرت پھیلانے والے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری موت کی خواہش کرنے والے ناقدین اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں، مجھے کچھ ہوگیا تو آپ کی روزی روٹی چِھن جائے گی، آپ لوگوں کا گھر کیسے چلے گا؟

اپنا تبصرہ بھیجیں