لتا منگیشکرکی طبیعت پہلے سے بہتر ہے، وزیر صحت مہاراشٹر

بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے وزیر صحت نے لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کی صحت سے متعلق میڈیا کو آگاہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، ریاست مہاراشٹر وزیر صحت راجیش توپ کا کہنا ہے کہ گلوکارہ لتا منگیشکرکی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے لیکن تاحال وہ ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہیں۔

وزیر صحت کا کہنا ہے کہ’ اُنہوں نے بریچ کینڈی اسپتال کے حکام سے بات کی ہے اور حکام نے اُنہیں گلوکارہ کی صحت کے بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ہے‘۔

اُنہوں نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’اُنہوں نے اسپتال کے ترجمان سے کہا کہ گلوکارہ کی صحت کے بارے میں آگاہ کریں کیونکہ مداح اُن کی صحت کے بارے میں جاننے کے لیے بے چین ہیں‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل لتا منگیشکر کا علاج کرنے والے ڈاکٹر پریت نے گلوکارہ کی صحت سے متعلق اہم معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا تھاکہ وہ اب مزید انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں ہی رہیں گی۔

ڈاکٹر پریت کا کہنا تھاکہ ’ہمیں انتظار کرنا اور دیکھنا ہے کہ لتا منگیشکر کی صحت میں کس حد تک بہتری آرہی ہے۔‘

اُنہوں نے گلوکارہ کے چاہنے والوں سے مخاطب ہوتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ’ان کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔‘

واضح رہے کہ کچھ دنوں پہلے لتا منگیشکر کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد اُنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا، دیگر ٹیسٹ کروانے کے بعد گلوکارہ میں نمونیا کی بھی تشخیص ہوگئی تھی۔

گلوکارہ کے کورونا میں مبتلا ہونے اور آئی سی یو میں داخل ہونے پر مداح تشویش میں مبتلا ہوگئے تھے اور ان کی صحت کے حوالے سے پریشان تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں