وسط ایشیائی ملک قازقستان میں ایل پی جی گیسوں کی قیمتوں سے شروع ہونے والے سیاسی عدم استحکام اور پُرتشدد مظاہروں میں جہاں متعدد ہلاکتیں ہوئی تو دوسری طرف اس احتجاج نے دنیا بھر میں کرپٹو کرنسی کی سپلائی پر بھی برے اثرات مرتب کیے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے فرانس 24 کے مطابق ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام پر قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ کو بند کردیا گیا۔
انٹرنیٹ کی بندش سے دنیا کی سب سے مہنگی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی مائننگ کا عمل بری طرح متاثر ہوا۔
وسط ایشیاء میں موجود اس ملک کو دنیا میں بٹ کوائن کی مائننگ کرنے والے دوسرے بڑے مقام کا درجہ حاصل ہے۔ اور دنیا بھر میں بٹ کوائن کی مجموعی مائننگ کا 15 فیصد حصہ قازقستان میں مائن کیا جاتا ہے۔
کرپٹو کرنسی خصوصا بٹ کوائن کی مائئنگ کرنے والے ممالک میں امریکا سرفہرست ہے۔ دنیا بھر میں مائن ہونے والے 35 فیصد سے زائد بٹ کوائن امریکا میں مائن ہوتے ہیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ چین کے پاس تھا لیکن چینی حکومت کی جانب سے گزشتہ سال کرپٹو کرنسی کی مائننگ کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن سے وہاں مائننگ کی شرح کافی حد تک کم ہو چکی ہے۔