عمرے کے لیے موٹرسائیکل پر 1200 کلومیٹر کا سفر طے کرنے والے میاں بیوی مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق مصر کے شہر طنطا سے تعلق رکھنے والا ایک جوڑا عمرے کی ادائیگی کے لیے موٹر سائیکل پر سفر کر کے مکہ مکرمہ پہنچ گیا۔
مصری شہری عمر ابو داؤد کے مطابق انہیں بچپن سے ہی موٹر سائیکلوں سے عشق تھا جبکہ وہ اس وقت سائیکل چلایا کرتے تھے۔ بعد ازاں موٹر سائیکلوں کے شوقین افراد کی وڈیوز دیکھنے کے بعد انہوں نے موٹر سائیکل خریدنے کا فیصلہ کیا۔
عمر نے مصر میں طنطا سے سعودی عرب میں ینبع تک کے سفر میں 1200 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا۔ تقریبا 48 گھنٹوں کے اس سفر میں عمر کے ساتھ ان کی اہلیہ اسماء الجنزوری بھی تھیں۔
مصری جوڑے کے مطابق مصر اور سعودی عرب کے درمیان زمینی راستہ نہ ہونے کے سبب انہیں سفر کے دوران میں کشتی میں بھی سوار ہونا پڑا.