شاہ رخ نے اشتہار میں کام کرنے سے انکار کردیا

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے بیٹے آریان کی منشیات کیس میں گرفتاری کو مد نظر رکھتے ہوئے اداکار اجے دیوگن کے ساتھ طے شدہ اشتہار منسوخ کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کا بالی وڈ اداکار اجے دیوگن کے ساتھ اشتہار طے شدہ تھا تاہم آخری لمحات میں ان کی جانب سے ذاتی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے اشتہار میں آنے سے انکار کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اشتہار کے سیٹ پر شاہ رخ خان کی آمد کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل تھیں لیکن اداکار آریان کی منشیات کیس میں گرفتاری کو سامنے رکھتے ہوئے سیٹ پر نہ پہنچے۔

رپورٹ کے مطابق اشتہار کے سیٹ پر 20 سے 25 باؤنسرز تعینات تھے جب کہ صبح سے ہی شاہ رخ کی وینیٹی وین بھی اسٹوڈیو میں موجود تھی لیکن دوپہر 3 سے 4 بجے کے دوران اداکار نے اشتہار منسوخ کردیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا گیا ہےکہ شاہ رخ کے انکار کے بعد اب اجے دیوگن ہی اس اشتہار کو مکمل کریں گے۔

خیال رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو( این سی بی) نے گزشتہ ہفتے اتوار کے روز ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مار کر شاہ رخ کے بیٹے سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں