سیمی فائنل میں پاکستان کی شاندار بیٹنگ، آسٹریلیا کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف

ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں  پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 177  رنز کا ہدف دے دیا۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی، اوپنر بلے بازوں محمد رضوان  اور بابر اعظم نے ایک اچھا  آغاز فراہم کیا۔

محمد  رضوان شروع میں مشکل کا شکار دکھائی دیئے، پھرجلد ہی سنبھل گئے، دوسری طرف  کپتان  بابر اعظم اپنا روایتی کھیل کھلیتے رہے اور انہوں نے شاندار بلے بازی کی۔

پاکستان کا اسکور 71  پر پہنچا  تو کپتان بابر اعظم ایک بڑی ہٹ لگانے کی کوشش میں ایڈم  زمپا کی گیند  پر کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 34  گیندوں کا سامنا  کیا اور 39 رنز بنائے،ان کی جگہ فخر زمان آئے۔

محمد  رضوان کریز پر جم گئے اور خوب بلے بازی کی، اپنے پسندیدہ شارٹس کھیلے، تین شاندار چھکے لگائے،آسٹریلیا کے خلاف اپنی ففٹی  اور سال 2021 میں  ٹی 20 میں اپنے ایک ہزار رنز  بھی مکمل کیے۔

محمد رضوان  سٹارک کی گیند پر شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ آوٹ ہو گئے، انہوں نے 52 گیندوں کا سامنا کیا اور 67 رنزبنائے۔محمدرضوان کا جانا تھا کہ فخر زمان نے آسٹریلوی باولرز کی پٹائی شروع کر  دی اور انہوں نے 31 گیندوں پر  چھکے کے ساتھ  اپنی ففٹی مکمل کی۔ اور 32 گیندوں کا سامنا کر کے 55 رنز بنائے اورناقابل شکست رہے۔

محمد رضوان کی جگہ ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف جارحانہ بیٹنگ  کرنے والے آصف علی آئے، ہر نظر ان پر تھی مگر وہ  پہلی ہی گیند پر باونڈری پر کیچ آوٹ ہو گئے۔

آصف علی کی جگہ ورلڈ کپ میں  18 گیندوں پر تیز ترین ففٹی کرنے والے شعیب ملک آئے اور ایک سکور بنانے کے بعد سٹارک کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

فخر زمان کا ساتھ دینے کے لیے کرکٹ کے پروفیسر محمد حفیظ آئے اور انہوں نے ایک  گیند کا سامناکیا  اور ایک سکور بنایا۔

اس سے قبل  پاکستان نے اپنی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی  نہیں کی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپربیٹر محمد رضوان اور آل راؤنڈر شعیب ملک بھی ٹیم کا حصہ تھے،

محمد رضوان اور شعیب ملک فُلو کے باعث گزشتہ روز پریکٹس نہیں کرسکے تھے۔ پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ کلیئرآئی تھین اور ڈاکٹرز نے انہیں  کھیلنے کی اجازت دے دی  تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ٹی  20 ورلڈکپ کے دوران اب تک کسی  میچ  کے لیے پلیئنگ الیون میں کوئی  تبدیلی نہیں کی اور پاکستان پورے ایونٹ  میں ناقابل شکست  رہنے والی واحد ٹیم  ہے۔

گزشتہ روز پہلے سیمی  فائنل میں  نیوزی لینڈ نے انگلینڈ  کو  5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیاتھا،آج  دوسرا میچ  جیتنے والی ٹیم دبئی میں ہی 14 نومبر کو  فائنل  کھیلے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں