سویڈن میں ایک اسٹارٹ اپ کمپنی نے کووں کو خاص تربیت دی ہے جس کےبعد وہ بڑی پھرتی سے کوڑا کرکٹ لاکر ایک جگہ جمع کرتے ہیں جس کے بدلے انہیں خوراک دی جاتی ہے۔
اس ضمن میں کوروڈ کلیننگ نامی کمپنی نے یہ کام شروع کیا ہے۔ سویڈن میں صفائی ستھرائی سے وابستہ فاؤنڈیشن کے مطابق ہر سال پارکوں اور سڑکوں پر سگریٹ کے لاکھوں کروڑوں ٹوٹے پھینکے جاتے ہیں۔ سگریٹوں کے یہ ٹکڑے بیرونی کوڑا کرکٹ کا 60 فیصد حصہ بناتے ہیں۔
تاہم گھاس پھوس اور کونوں میں جمع ہونے کی وجہ سے سگریٹ کے بچے ہوئے ٹکڑوں کو جمع کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ اب اس کے حل کے لیے انسانوں کو تو نہیں سمجھایا جاسکا لیکن اب کووں کو ضرور یہ تربیت دی گئی ہے کہ وہ انسانی کوڑا کرکٹ جمع کرسکیں۔
اس کے لیے جنگلی کووں کو باقاعدہ مرحلہ وار تربیت دی جاتی ہے۔ جب وہ سگریٹ کے ٹکڑے اٹھانے لگے تو ہر مرتبہ انہیں کھانے کو کچھ نہ کچھ دیا جاتا ہے۔ اس طرح کئی پرندوں کو تربیت فراہم کی گئی اور وہ دھیرے دھیرے اس کے ماہر ہوتے گئے۔
اس منصوبے میں شامل ایک ماہر نے کہا کہ اگر یہ معصوم پرندے اپنے ہی کوڑے یعنی سگریٹ کو کھانے لگے تو وہ جان لیوا بھی ہوسکتا ہے۔ اس لیے ہم نے ترییت دی ہے کہ وہ اسے نہ کھائے بلکہ ہماری دی گئی غذا سے ہی لطف اندوز ہوں۔ پہلے چند پرندوں کو اس قابل بنایا گیا ہے اور اس کے بعد کووں کی بہت بڑی تعداد کو میدان میں چھوڑا گیا ۔ اندازہ ہے کہ ان پرندوں نے ہزاروں ڈالر کی بچت کی ہے جو بصورتِ دیگر سگریٹ کے ٹکڑوں کی صفائی پر خرچ ہونا تھی۔
سویڈن شہر کی بلدیہ کے ایک افسر کے مطابق اگر مناسب تعداد میں کووں سے صفائی کروائی جائے تو اس سے 75 فیصد اخراجات کم ہوسکتےہیں۔