سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ ٹوئٹر نے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، یہ فیچر غلط معلومات کی روک تھام سے متعلق ہے۔تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر نے رپورٹ ٹوئٹ کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد کرونا کی عالمی وبا اور دیگر اہم عالمی موضوعات اور معاملات سے متعلق غلط معلومات کے پھیلاؤ کا سدِ باب کرنا ہے۔ٹوئٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غلط معلومات کی روک تھام کے لیے نیا فیچر رپوٹ ٹوئٹ کا اضافہ کیا گیا ہے، اس کا مقصد صارفین کو وسیع پیمانے پر درست معلومات فراہم کرنا ہے۔
یہ فیچر ابتدائی طور پر امریکا، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کے صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل ٹوئٹر نے پوسٹ کرنے کے بعد ایڈٹ کرنے والا فیچر متعارف کرایا تھا، جس کے تحت صارفین کو 5 سیکنڈ کے اندر اندر اپنی ٹوئٹ کو درست کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
اس سے قبل ٹوئٹر نے اپنے ڈیزائن میں بھی تبدیلی کی تھی، ٹوئٹر کے مطابق نئے ڈیزائن میں جدید فونٹس کے ساتھ ایسے رنگوں کا استعمال کیا گیا ہے، جو آنکھوں کو اچھے لگتے ہیں۔