سعودی عرب میں جیزان شہر کے کنگ عبداللہ ایئرپورٹ پر ڈورن حملے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شہر جازان کے کنگ عبداللہ ایئرپورٹ پر حوثیوں نے ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔
اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ زخمی افراد میں مختلف غیر ملکی شہری شامل ہیں جن کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ترجمان عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی شہریوں اور املاک کو نشانہ بنانے کی کوششیں جنگی جرائم ہیں، شہریوں کے تحفظ کے لیے مناسب آپریشنل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق عرب اتحاد نے جمعرات کو سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر خمیس مشیت کی طرف آنے والے ایک بیلسٹک میزائل اور 2 ڈرون حملوں کو ناکام بنایا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جمعرات کو بھی سعودی عرب کے ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مبینہ حوثی ڈرون حملے کو ناکام بنانے کی کوشش کے دوران 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔