سعودی عرب کی اہم شاہراہوں کے نام پاکستانی شخصیات سے منسوب کیے گئے ہیں جن میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح بھی شامل ہیں۔
سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کی ایک مثال سعودی عرب میں پاکستانی شخصیات سے منسوب شاہرائیں ہیں۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے علاوہ جدہ میں بھی اہم شاہراہوں کے نام پاکستانی شخصیات کے ناموں سے منسوب ہیں جن میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے نام شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت کے علاقے غرناطة میں ایک طویل شاہراہ ہے جسے محمد علی جناح کے نام سے منسوب کیا گیا ہے جبکہ ریاض میں شاہراہ حائل کے عقب میں ایک اور شاہراہ ہے جسے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ریاض میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے نام سے بھی ایک شاہراہ ہے جبکہ ریاض کے علاوہ جدہ میں بھی ایک پاکستانی شخص ’فرمان علی خان‘ جسے اہل سعودی عرب نے قومی ہیرو قرار دیا ہے کہ نام سے شاہراہ منسوب ہے۔
فرمان علی خان وہی شخص نے جس نے 7 دسمبر 2009 کو طوفانی بارشوں کے باعث آدھا جدہ ڈوب جانے کے بعد 14 زندگیوں کو برساتی ریلے سے بچایا تھا جبکہ پندرہویں شخص کو بچاتے ہوئے وہ خود برساتی ریلے کی نظر ہوکر بہہ گئے تھے۔
ان خدمات کے عوض سعودی عرب نے فرمان علی خان کو قومی ہیرو کا درجہ دیا اور انہیں سعودی عرب کا اعلی ترین ایوارڈ ’شاہ عبدالعزیز میڈل درجہ اول‘ سے نوازا گیا تھا۔
علاوہ ازیں فرمان علی خان کے نام سے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان کی وادی سوات میں صحت مرکز کے قیام کا بھی اعلان کیا تھا۔
فرمان علی خان کے نام سے جدہ کے علاقے قویزہ میں اس ہی شاہراہ کو منسوب کیا گیا ہے جس میں یہ جوان برساتی ریلے سے بچاتے ہوئے خود بھی اس کی نظر ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے نام سے مصر کے شہر الاسکندریہ میں بھی ایک شاہراہ ہے جسے ان کے نام سے ہی منسوب کیا گیا ہے۔